مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کل بروز بدھ روس کے صدر ولادیمیر پوتین کی دعوت پر ماسکو کے دورے پر روانہ ہوں گے۔
صدر رئیسی اس سفر میں روس کے صدر ولادیمیر پوتین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات، علاقائی امور اور عالمی مسائل کے بارے میں گفتگو اور تبادلہ خیال کریں گے۔ صدر رئیسی کے دورہ ماسکو کے دوران ایران اور روس کے درمیان، اقتصادی، تجارتی ، سیاسی اور ثقافتی شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا جائےگا۔
صدر رئیسی جمعرات کے دن روس کی ڈوما کے نمائندوں کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔ صدر سید ابراہیم رئیسی روس میں مقیم ایرانی شہریوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ ، وزیر تیل اور وزیر خزانہ اس سفر میں ایرانی صدر کی ہمراہی کریں گے۔ اس سے قبل روس کے وزیر خارجہ لاوروف نے ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کے ساتھ گفتگو میں ایرانی صدر کے دورہ روس کے بارے میں خوشی اور مسرت کا اظہار کیا تھا۔
آپ کا تبصرہ